۹۱۔اگر تم اُن بڑے بڑے گناہوں سے پرہیز کرو جن سے تمہیں روکا گیا ہے تو تمہاری چھوٹی بُرائیوں کا ہم خود کفارہ کردیں گے اوت تم کو ایک باعزت جگہ داخل کریں گے۔
(النساء:۳۱)
۹۲۔اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹہراؤ اور والدین کے ساتھ اچھا سلوک کرو، نیز راشتہ داروں، یتیموں، مسکینوں، قریب والے پڑوسی، دور والے پڑوسی، ساتھ بیٹھے (یا ساتھ کھڑے) ہوئے شخص اور راہ گیر کے ساتھ اور اپنے غلام، باندیوں کے ساتھ بھی (اچھا برتاؤ کرو)۔
(النساء:۳۶)
۹۳۔بیشک اللہ کسی اِترانے والے شیخی باز کو پسند نہیں کرتا۔
(النساء:۳۶)
۹۴۔شیطان جس کا ساتھی بن جائے تو وہ بدترین ساتھی ہوتا ہے۔
(النساء:۳۸)
۹۵۔اے ایمان والو! جب تم نشے کی حالت میں ہوتو اس وقت تک نماز کے قریب بھی نہ جانا جب تک تم جو کچھ کہہ رہے ہو اُسے سمجھنے لگو، اور جنابت کی حالت میں بھی جب تک غسل نہ کرلو(نماز جائز نہیں)۔
(النساء:۴۳)
۹۶۔بیشک جنہوں نے ہماری آیتوں سے انکار کیا ہے ہم انہیں آگ میں داخل کریں گے، جب بھی ان کی کھالیں جل جل کر پک جائیں گی تو ہم انہیں ان کے بدلے دوسری کھالیں دے دیں گے تاکہ وہ عذاب کا مزہ چکھیں، بیشک اللہ صاحبِ اقتدار بھی ہے، صاحب حکمت بھی۔
(النساء:۵۶)
۹۷۔ایمان والو! یقیناً اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ تم امانتیں ان کے حقداروں تک پہنچاؤ اور جب لوگوں کے درمیان فیصلہ کرو تو انصاف کے ساتھ فیصلہ کرو، یقین جانو اللہ تم کو جس بات کی نصیحت کرتا ہے وہ بہت اچھی ہوتی ہے، بیشک اللہ ہر بات کو سنتا اور ہر چیز کو دیکھتا ہے۔
(النساء:۵۸)
۹۸۔اے ایمان والو! اللہ کی اطاعت کرو ار اس کے رسول کی بھی اطاعت کرو اور تم میں سے جو لوگ صاحبِ اختیار ہیں ان کی۔
(النساء:۵۹)
۹۹۔جو لوگ ایمان لائے ہیں وہ اللہ کی راہ میں لڑتے ہیں اور جن لوگوں نے کفر اپنا لیا ہے وہ طاغوت کی راہ میں لڑتے ہیں، لہٰذا (مسلمانو!) تم شیطان کے دوستوں سے لڑو، (یاد رکھو!) شیطان کی چالیں درحقیقت کمزور ہیں۔
(النساء:۷۶)
۱۰۰۔تمہیں جو کوئی اچھائی پہنچتی ہے تو وہ محض اللہ کی طرف سے ہوتی ہے اور جوئی بُرائی پہنچتی ہے وہ تو تمہارے اپنے سبب سے ہوتی ہے۔
(النساء:۷۹)
۱۰۱۔کیا یہ لوگ قرآن میں غور و فکر نہیں کرتے؟ اگر یہ اللہ کے سواء کسی اور کی طرف سے ہوتا تو وہ اس میں بکثرت اختلافات پاتے۔
(النساء:۸۲)
۱۰۲۔اور کسی تنازعہ میں ان لوگوں کی وکالت نہ کرنا جو خود اپنی جانوں سے خیانت کرتےہیں، بیشک اللہ کسی بھی خیانت کرنے والے گنہگار کو پسند نہیں کرتا۔
(النساء:۱۰۷)
۱۰۳۔اگر کوئی شخص کسی غلطی یا گناہ کا مرتکب ہو، پھر اس کا الزام کسی بے گناہ کے ذمہ لگادے، تو وہ بڑا بھاری بہتان اور کھلا گناہ اپنے اوپر لاد لیتا ہے۔
(النساء:۱۱۲)
۱۰۴۔جو شخص اللہ کے بجائے شیطان کو دوست بنائے اس نے کھلے کھلے خسارے کا سودا کیا ہے۔
(النساء:۱۱۹)
۱۰۵۔اے ایمان والو! انصاف قائم کرنے والے بنو، اللہ کی خاطر گواہی دینے والے، چاہے وہ گواہی تمہارے اپنے خلاف پڑتی ہو یا والدین اور قریبی رشتہ داروں کے خلاف، وہ شخص (جس کے خلاف گواہی کا حکم دیا جارہا ہے) چاہے امیر ہو یا غریب، اللہ دونوں قسم کے لوگوں کا (تم سے) زیادہ خیر خواہ ہے۔
(النساء:۱۳۵)
۱۰۶۔بس ایسی نفسانی خواہش کے پیچھے نہ چلنا جو تمہیں انصاف سے روکتی ہو، اور اگر تم توڑ مروڑ کروگے (یعنی غلط گواہی دو گے) یا (سچی گواہی سے) پہلو بچاؤ گے تو (یاد رکھو) اللہ تمہارے تمام کاموں سے پوری طرح باخبر ہے۔
(النساء:۱۳۵)
۱۰۷۔اے ایمان والوں مسلمانوں کو چھوڑ کر کافروں کو دوست مت بناؤ، کیا تم یہ چاہتے ہو کہ اللہ پاس اپنے خلاف (اپنے مستحقِ عذاب ہونے کی) ایک کھی کھلی وجہ پیدا کردو؟
(النساء:۱۴۴)
۱۰۸۔اللہ اس بات کو پسند نہیں کرتا کہ کسی کی برائی علانیہ زبان پر لائی جائے، الّا یہ کہ کسی پر ظلم ہوا ہو، اور اللہ سب کچھ سنتا ہر بات جانتا ہے۔
(النساء:۱۴۸)
۱۰۹۔اے ایمان والو! معاہدوں کو پوراکرو۔
(المائدہ:۱)
۱۱۰۔نیکی اور تقویٰ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرو اور گناہ اور ظلم میں تعاون نہ کرو اور اللہ سے ڈرتے رہو، بیشک اللہ کا عذاب بڑا سخت ہے۔
(المائدہ:۲)
۱۱۱۔تم پر مردار جانور اور خون اور سوّر کا گوشت اور وہ جانور حرام کردیا گیا ہے جس پر اللہ کے سواء کسی اور کا نام پکارا گیا ہو اور وہ جو گلا گھونٹنے سے مرا ہو اور جسے چوٹ مار کر ہلاک کیا گیا ہو اور جو اوپر سے گر کر مرا ہو اور جسے کسی جانور نے سینگ مار کر ہلاک کیا ہو اور جسے کسی درندے نے کھالیا ہو ، اِلّا یہ کہ تم اس کے مرنے سے پہلے اس کو ذبح کرچکے ہو۔
(المائدہ:۳)
۱۱۲۔جو کوئی کسی کو قتل کرے جبکہ یہ قتل نہ کسی اور جان کے بدلے کے لئے ہو اور نہ کسی کے زمین میں فساد پھیلانے کی وجہ سے ہو، تو یہ ایسا ہے جیسے اس نے تمام انسانوں کو قتل کردیا اور جو شخص کسی کی جان بچالے تو یہ ایسا ہے جیسے اس نے تمام انسانوں کی جان بچالی۔
(المائدہ:۳۲)
۱۱۳۔اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور اس تک پہنچنے کے لئے وسیلہ تلاش کرو اور اس کے راستے میں جہاد کرو، امید ہے کہ تمہیں فلاح حاصل ہوگی۔
(المائدہ:۳۵)
۱۱۴۔اور جو مرد چوری کرے یا عورت چوری کرے دونوں کے ہاتھ کاٹ دو، تاکہ ان کو اپنے کئے کا بدلہ ملے اور اللہ کی طرف سے عبرتناک سزا ہو اور اللہ صاحبِ اقتدار بھی ہے، صاحبِ حکمت بھی۔
(المائدہ:۳۸)
۱۱۵۔اگر فیصلہ کرنا ہو تو انصاف سے فیصلہ کرو، یقیناً اللہ انصاف کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔
(المائدہ:۴۲)
۱۱۶۔جان کے بدلے جان، آنکھ کے بدلے آنکھ، ناک کے بدلے ناک، کان کے بدلے کان، دانت کے بدلے دانت اور زخموں کا بھی اسی طرح بدلے لیا جائے، ہاں جو شخص اس بدلے کو معاف کردے تو یہ اس کے لئے گناہوں کا کفارہ ہوجائے گا۔
(المائدہ:۴۵)
۱۱۷۔جو لوگ اللہ کے نازل کئے ہوئے حکم کے مطابق فیصلہ نہ کریں وہ لوگ ظالم ہیں۔
(المائدہ:۴۵)
۱۱۸۔اے ایمان والو! یہودیوں اور نصرانیوں کو دوست و مددگار نہ بناؤ، یہ خود ہی ایک دوسرے کے یار و مدد ہیں، اور تم میں سے جو شخص ان کی دوستی کا دم بھرے گا تو پھر وہ انہی میں سے ہوگا، یقینا اللہ ظالموں کو ہدایت نہیں دیتا۔
(المائدہ:۵۱)
۱۱۹۔اے ایمان والو! اگر تم میں سے کوئی اپنے دین سے پھر جائے گا تو اللہ ایسے لوگ پیدا کردے گا جن سے وہ محبت کرتا ہوگا اور وہ اس سے محبت کرتے ہوں گے، جو مومنوں کے لئے نرم اور کافروں کے سخت ہوں گے۔
(المائدہ:۵۱)
۱۲۰۔مسلمانو! تمہارے یار و مددگار تو اللہ، اس کے رسول اور وہ ایمان والے ہیں جو اس طرح نماز قائم کرتے اور زکوٰۃ ادا کرتے ہیں کہ وہ (دل سے) اللہ کے آگے جھکے ہوئے ہوتے ہیں۔